Jun ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران کو ترنوالہ نہ سمجھا جائے، امت مسلمہ ایران کے ساتھ ہے

پاکستان کی ساسی اور مذہبی جماعتوں اور اعلی حکام نے کہا ہے کہ ہم ہر سطح پر اور ہر فورم میں ایران کی حمایت کرتے رہیں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف کے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرتا،اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے جبکہ اسلامی دنیا ایران کی حمایت کرتی ہے۔

پاکستان کے ایک نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں رہنما پیپلز پارٹی اور صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم ایران کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں ۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آپ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کلپ دیکھا ہوگا جس میں وہ کھل کر کہہ رہا ہے کہ ایران اور پھر پاکستان، یہ دو ملک نیو کلیئر میں جا رہے ہیں۔ یہ عزائم اسرائیل کے، جو اپنے آپ کو خطے کا بدمعاش سمجھتا ہے، اسی وجہ سے وہ اس طرح کی حرکتیں کر رہا ہے۔ اسی لیے اس نے ایران پر حملہ کیا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایران کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انھوں نے جس طرح جوابی حملہ کیا اور اسرائیل کے پورے سسٹم کو کافی حد تک ناکارہ بنایا، اور اس کے دو بڑے نامی گرامی طیارے، جن پر اسرائیل بڑا مان کرتا تھا، انھیں بھی تباہ کیا۔ ایران کو ایسے ترنوالہ نہ سمجھا جائے، اور اس نے ثابت بھی کیا ہے۔

کوارڈینیٹر وزیراعظم رانا احسان افضل خان نے کہا کہ خواجہ آصف صاحب نے جو بات کی، بالکل درست کی۔ انھوں نے مسلمان ممالک کو کہا کہ جن کے اسرائیل سے تعلقات ہیں، انھیں ختم کیا جائے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل سے اپنے تعلقات ختم کرنے چاہییں۔ وزارت خارجہ نے بیان دیا کہ ایران کے ساتھ ہم رابطے میں ہیں، امداد اور سپورٹ سیل بنا دیا گیا ہے۔ جو امداد ہم کر سکتے ہیں، وہ کریں گے، چاہے ڈاکٹرز کی سپورٹ ہو یا اور کسی چیز کی، وہ ہم دیں گے۔ حکومت نے واضح کہا ہے کہ کسی بھی ملک پر ایسا حملہ قابلِ قبول نہیں ہوگا، خاص کر ایسے ملک پر جس نے غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا اور فلسطینیوں پر ظلم ڈھایا۔

ٹیگس