Jun ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑے ہيں ، پاکستان

پاکستان کے وزیر دفاع نے ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں ایران کی مکمل حمایت پر تاکید کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:پاکستان کے وزیر دفاع نے ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں ایران کی مکمل حمایت پر تاکید کی ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے الجزیرہ سے گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان، غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں اپنے ایرانی بھائیوں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اعلان کرتا ہے۔

انھوں نے غاصب صیہونی حکومت کو سرکش و غیر قانونی حکومت قرار دیا اور تاکید کی کہ جب تک مسئلہ فلسطین کا حل نہیں نکل آتا فلسطین میں صیہونی حکومت کا وجود غیر قانونی رہے گا۔

پاکستان کے وزیر دفاع نے تاکید کی کہ اسرائيل سے پاکستان کا کوئي تعلق نہیں ہے اور عالم اسلام کو چاہئے کہ اس غاصب حکومت کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کرے اور یہ کہ اسرائيل ، پورے علاقے کی سلامتی کے لئے خطرہ بنا ہوا ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع نے اس سے قبل ہفتے کو بھی اپنے ملک کی پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور بین الاقوامی اداروں میں تہران کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

انھوں نے اسرائيل کے مقابلے میں دنیائے اسلام میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے مفادات کا دفاع کرے گا ۔

اسی طرح پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ نے اپنی علیحدہ علیحدہ متفقہ قرار دادوں میں ایران کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی اور ساتھ ہی ایران کی حکومت اور قوم سے یکجہتی کا اعلان کیا ۔

ٹیگس