ایران و پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i445171-ایران_و_پاکستان_کے_وزرائے_خارجہ_کی_ملاقات
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ترکیے میں ملاقات کے دوران اسرائیل اور امریکا کے ایران پر بلاجواز اور غیرقانونی حملوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے ایران کے حق دفاع کی حمایت کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
(last modified 2025-06-22T11:09:55+00:00 )
Jun ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۳:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ترکیے میں ملاقات کے دوران اسرائیل اور امریکا کے ایران پر بلاجواز اور غیرقانونی حملوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے ایران کے حق دفاع کی حمایت کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران کے وزیرخارجہ برادر سید عباس عراقچی سے استنبول میں اسلامی سربراہی کانفرنس (او آئی سی) کے 51 ویں وزرائے خارجہ کانفرنس میں غیررسمی ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ نے خطے میں ابھرتی ہوئی صورت حال پر ایرانی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ میں نے پاکستان کی جانب سے ایران پر اسرائیل کے بلاجواز اور غیرقانونی حملوں اور اس کے ساتھ ہی ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کی۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے ایران کی خود مختاری، استحکام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس کو حاصل اپنے دفاع کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔