پاکستان: ٹی ٹی پی کے 30 جنگجو ہلاک
پاک افغان سرحد پر تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کے دسیوں عناصر کی ہلاکت کی خبریں ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا دعویٰ کیا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر کالعدم ٹی ٹی پی کے عناصر نے دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حسن خیل کے علاقے میں کارروائی کی جس کے دوران کم از کم تیس دہشتگرد ہلاک ہو گئے اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم اور دو جولائی کی شب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کرے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں اسی طرح ہندوستان پر ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کی حمایت کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستانی فورسز پُرعزم ہیں۔ اس آپریشن پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔