تربیلا ڈیم کے اسپل وے آپریشن پر وزیراعظم شہباز شریف کا سخت نوٹس
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کا اسپل وے آپریشن دریائے سندھ کے زیریں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر سکتا ہے.
سحر نیوز/ پاکستان: وزیراعظم پاکستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب کے ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں کے عوام کو بروقت خبردار کیا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے حالیہ بارشوں کے تناظر میں این ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ادھر پنجاب کے اضلاع اٹک اور ڈیرہ غازی خان میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طغیانی سے بچاؤ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے تیار رہیں۔