سلامتی کونسل کے صدر دفتر میں موجودگی باعثِ افتخار ہے: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر دفتر میں موجودگی ان کے لیے اعزاز قرار دی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان جولائی کے مہینے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے فرائض انجام دے رہا ہے، جسے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اعزاز قرار دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دیرپا ترقی سے متعلق عالمی فورم میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور مشن کی ٹیم سے بھی مشاورت کی، تاکہ سلامتی کونسل کے دور صدارت کے دوران زیر بحث آنے والے اہم امور پر قومی مؤقف مضبوط انداز میں پیش کیا جا سکے۔
اسحاق ڈار نے یو این سلامتی کونسل کے صدر دفتر میں اپنی موجودگی کو باعثِ افتخار قرار دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔