پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی، پوٹھوہار میں ایمرجنسی نافذ
لاہور، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ پوٹھوہار ریجن میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: لاہور، پنجاب بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پوٹھوہار ریجن میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے ساتویں اسپیل کے تحت بارشوں کا سلسلہ آج سے شروع ہو کر 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، اٹک سمیت کئی اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نالہ لئی میں نہانے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ عوام کو ندی نالوں سے دور رہنے، خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جانے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریائے سندھ، راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور تربیلا سمیت مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔