پاکستان: سپریم کورٹ کی طرف سے ضمانت کے باوجود ، عمران خان کی رہائی مشکل
نو مئی کے بلووں سے متعلق مقدمات میں درخواست ِضمانت منظور ہو جانے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان رہا نہیں ہو پائیں گے۔
سحرنیوز/پاکستان:اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان سپریم کورٹ نے نو مئی کے بلووں سے متعلق آٹھ مقدمات میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے، پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما عمران خان کی ضمانت منظور کرلی تاہم ان کی فوری رہائی کے آثار فی الحال نظر نہیں آ رہے۔
پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے نو مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے بعد بھی فوری طور پر عمران خان رہا نہیں ہو سکیں گے کیوں کہ انہوں نے اپنے خلاف راولپنڈی میں درج تینتالیس مقدمات میں تاحال ضمانت حاصل نہیں کی جب کہ یہ تمام مقدمات ستمبر، اکتوبر اور نومبر احتجاج سے متعلق ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست ضمانت پر آج جمعرات کو پاکستان کے چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی تھی جہاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس نے ضمانت منظور کرنے اور انہیں کرنے کا فیصلہ سنایا۔
پاکستان سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ ایسے حالات میں دیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں عمران خان کی پارٹی کے بہت سے اہم رہنماؤں کو قید اور جرمانے کی سزائيں سناچکی ہیں جن میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدین حزب اختلاف بھی شامل ہیں۔