Aug ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: وزير خارجہ کا دورہ بنگہ دیش ، دورہ بے حد اہم قرار دیا جا رہا ہے

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی باضابطہ دعوت کے بعد دو روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک کے کسی وزیر خارجہ کا بنگلہ دیش کی جانب یہ دورہ تیرہ سال کے بعد انجام پا رہا ہے جس کے پیش نظر اسلام آباد ڈھاکہ تعلقات کے تناظر میں اسحاق ڈار کے اس دورے کو بڑا اہم مانا جا رہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے میں وزیر خارجہ بنگلہ دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر برائے امور خارجہ توحید حسین اور مشیر تجارت ایس کے بشیر الدین شامل ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے میں آیا ہے کہ ’اس دورے میں بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر بات چیت ہو گی۔

قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈھاکہ کا دورہ کر کے بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ اقتصادی تعاون، باہمی سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیےبات چیت کی تھی۔

اس درمیان بنگلادیش نے بھی پاکستانی حکام، سفارتکاروں اورسرکاری پاسپورٹ پر آنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس