پاکستان و بنگلہ دیش تعلقات میں مزيد فروغ، اسحاق ڈار نے محمد یونس سے ملاقات کی
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے گھر پر نو مئی کو ہونے والے حملے کے کیس میں نامزد پچھتر ملزمان کو سزائیں سنادی گئیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے، نو مئی کو رانا ثناءاللّٰہ کے گھر پر حملے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک سو نو ملزمان میں سے پچھہتر کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائی ہیں۔
اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھیں۔عدالت کے فیصلے کے مطابق تھانہ سمن آباد میں درج مقدمے میں انسٹھ ملزمان کو دس، دس سال جبکہ سولہ ملزمان کو تین، تین سال قید کی سزائیں ہوئیں۔
اے ٹی سی نے شبلی فراز، عمرایوب ، زرتاج گل ، کنول شوذب، احمد چٹھہ ، رائےحسن نواز، انصر اقبال ، بلال اعجاز سمیت متعدد دیگر کو بھی دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فواد چوہدری اور زین قریشی کو مقدمے سے بری کردیا۔علاوہ ازیں چونتیس ملزمان کو بری کردیا گیا ہے۔ مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور اٹھاسی کارکنوں سمیت ایک سو نو ملزمان کا ٹرائل ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ نو مئی کو رانا ثناءاللّٰہ کے گھر پر حملے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کیا گیا تھا۔
ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اس سے قبل تین کیسز کے فیصلے سنائے گئے تھے، خصوصی عدالت نے آج یہ چوتھے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا ہے۔