ایران کو یورپی ممالک کی غیرمعقول حرکت کے جواب دینے کا مکمل جواز حاصل ہے: آئی اے ای اے میں پاکستان کے سابق مندوب
آئی اے ای اے میں پاکستان کے سابق مندوب علی سرور نقوی نے ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے "اسنیپ بیک مکینزم" کو فعال کرنے پر مبنی یورپی ٹرائیکا کی حرکت کو امریکہ کی پیروکاری اور غیرقانونی قرار دیا۔
سحرنیوز/پاکستان: علی سرور نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے خلاف اسنیپ بیک میکینزم کے فعال ہونے سے مغربی محاذ کا جانبدارانہ اور غیرمنصفانہ رویہ ایک بار پھر سامنے آگیا۔
علی سرور نقوی نے جو اس وقت CISS کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بھی ہیں ایٹمی معاہدے کی جانب یورپ کے رویے کو دشمنی اور دوہرے معیار پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک آج اسی راستے پر چل رہے ہیں جس پر ٹرمپ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرکے سن 2018 سے چلنا شروع کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت یورپی ٹرائیکا ایران پر اپنے مطالبات مسلط کرنا چاہتی ہے اور ایران کے معاملے میں ایسی بدنیتی کا نتیجہ انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔
آئی اے ای اے میں پاکستان کے سابق مندوب نے مغربی ممالک کے غیرمعقول اقدامات کے مقابلے میں ایران کے زاویہ نگاہ کو قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسنیپ بیک مکینزم کا فعال ہونا ایران کے قومی مفادات پر دراندازی کے مترادف ہے لہذا تہران کو جوابی اقدام کا مکمل طور پر قانونی حق حاصل ہے۔
علی سرور نقوی نے ایران کے ایٹمی معاہدے کو کئی برس پر مشتمل فریقین کی باہمی کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے برخلاف امریکہ اور یورپ نے اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی اور اس غیرمعقول اور منفی راستے سے باز بھی نہیں آرہے ہیں۔