Sep ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • جلالپور پیروالا میں المناک حادثہ، سیلابی پانی نے تین افراد کی جان لے لی

ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں سیلابی پانی میں ڈوب کر 2 خواتین اور ایک نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال نے انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں دو خواتین اور ایک نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق چک 81 ایم میں پانی کے اترنے کے بعد خواتین گھر واپس جا رہی تھیں کہ اچانک ڈوب گئیں، جبکہ چک 66 ایم میں ایک نوجوان سیلاب کے جمع شدہ پانی میں جاں بحق ہوا۔

ادھر بہاول نگر کی بستی جانن والی اور گرد و نواح کے علاقے دریائے ستلج کے کٹاؤ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 50 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 500 سے زائد مکانات کو خطرہ لاحق ہے۔ مقامی افراد نے حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر اپنے گھر خود گرانا شروع کر دیے ہیں۔ علاقے کی مسجد، مدرسہ اور پرائمری اسکول کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

بہاول پور کے علاقے باقر پور میں سیلاب متاثرین نے انتظامیہ پر ریلیف کیمپ خالی کرانے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔ تاہم ڈپٹی کمشنر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو صرف صورتِ حال بہتر ہونے پر کیمپ چھوڑنے کا کہا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نقصانات کے سروے کے لیے متاثرین کا گھروں میں موجود ہونا ضروری ہے۔

ٹیگس