Oct ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کرکے صوبۂ خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کے زیر صدارت شروع منعقد ہوا۔ پی ٹی آئی امیدوار سہیل آفریدی کے حق میں 90 ارکان نے ووٹ دیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب کیا۔ نو منتخب وزیراعلیٰ نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ریاست عوام ہیں اور عوام ہی ریاست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے بانی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ایک ادنیٰ سے کارکن کو جس کا نہ بھائی، نہ باپ اور نہ ہی چچا سیاست میں ہے اُسے اِس عہدے کے لئے منتخب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پرچی سے وزیر اعلیٰ نہیں بنا بلکہ محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں، میں سب سے پہلے پاکستانی، پھر پختون اور قبائلی ہوں، نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو لگنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔

قبل ازیں سپیکر نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی، غیر حاضر اراکین واپس آجائیں، اندر جو اسمبلی میں ہیں انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں، اراکین اسمبلی لابی کے گیٹ پر موجود رجسٹر میں اپنے ناموں کا اندراج کریں۔

ٹیگس