علاقائی روابط کا فروغ معاشی اور تجارتی انقلاب کا سبب بنے گا: پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اسلام آباد میں علاقائی ٹرانسپورٹ وزرا کا نفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ علاقائی روابط کا فروغ معاشی اور تجارتی انقلاب کا سبب بنے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق علاقائی ٹرانسپورٹ وزرا کا نفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ نہایت اہم لمحہ ہے کہ آج ہم سب یہاں ایک مفید اور بامقصد مکالمے کے لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ مختلف شعبہ جات میں دوجانبہ اور کثیر جانبہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ وزرا کا نفرنس دوطرفہ اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور رابطوں کے نظام میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں، پاکستان ان تبدیلیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے خطے میں اقتصادی تعاون اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تاریخی طور پر ایک ایسا مرکز رہا ہے، جس کے ذریعے قدیم شاہراہِ سے لے کر آج کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے تک مختلف اقوام کی ثقافتیں، روایات، اشیا اور تخلیقی نظریات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ ہمیشہ مواقع اور روابط کا مرکز رہا ہے اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورت حال اور معیشت کی بڑھتی ہوئی اہمیت نے ان قدیم راہداریوں میں نئی جان ڈال دی ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، ہمارا خطہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے، جبکہ گوادر کی ساحلی پٹی اور کراچی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ کا حصہ ہیں، جس سے قدیم تجارتی گزرگاہوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔