ہندوستان سے پاکستان پہنچی غیر مسلم خاتون مسلمان ہوگئی، وطن واپسی سے انکار، شادی بھی کرلی
ہندوستان سے پاکستان جانے والی ایک غیر مسلم خاتون نے اسلام قبول کرلیا اور پاکستانی شہری کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی۔ خاتون نے ہندوستان واپس جانے سے بھی انکار کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذہبی تہوار کے سلسلے میں ہندوستان سے پاکستان جانے والی ایک سکھ خاتون نے اپنے وطن واپس جانے سے انکار کردیا۔ اطلاعات کے مطابق اس خاتون نے اسلام قبول کرکے پاکستانی شہری سے شادی بھی کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی یاترا کے لیے ہندوستان سے جانے والے جتھے میں شامل سکھ خاتون سربجیت کور نے اسلام قبول کر کے ایک پاکستانی شہری سے شادی کرلی ہے اور اب وہ ہندوستان واپس جانے کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔
خاتون کا اسلامی نام نور رکھا گیا ہے، نکاح نامے کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور نے 5 نومبر کو ضلع شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد کے رہنے والے پاکستانی شہری ناصر حسین سے نکاح کیا ہے۔
نکاح نامے میں 10 ہزار روپے حق مہر درج ہے جو ادا کیا جا چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سربجیت کور 4 نومبر کو ہندوستانی سکھ یاتریوں کے ساتھ پاکستان پہنچی تھیں لیکن 13 نومبر کو ہندوستان واپس جانے والے یاتریوں میں وہ شامل نہیں تھیں جبکہ اسی دن ان کا ویزہ بھی ختم ہوگیا تھا۔