پاکستان: پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات، اپوزیشن تاحال نام دینے میں ناکام
پاکستان میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے لیے اپوزیشن نے دو ہفتے گزرنے کے باوجود نام نہیں دیئے ہیں۔ حکومتی اتحادیوں کے نام چیف وہپ طارق فضل چوہدری کو موصول ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کمیٹی میں بی اے پی، اے این پی اور نیشنل پارٹی کی بھی نمائندگی ہوگی، حکمراں جماعت مسلم لیگ ن اپنے نام آئندہ ہفتے فائنل کرے گی، امید ہے آئندہ ہفتے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو خط لکھ کر اراکین کے نام بھجوانے کی درخواست کی تھی اور اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور اپوزیشن کے چیف وہپ کو بھی خطوط لکھے تھے۔
اسپیکر نے اپنے خط میں وزیراعظم شہباز شریف کو بطور قائد ایوان 15 اراکین کے نام دینے کی درخواست کی تھی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو 10 سینیٹروں کے نام بھجوانے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے 5 اراکین کے نام بھجوانے کو کہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے 7 اراکین پارلیمان کے نام مل گئے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیا کے نام بھی موصول ہوگئے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel