پیرو میں دنیا کی سب سے وزنی وہیل کی باقیات دریافت ہونے کا دعوی (ویڈیو)
پیرو میں کھدائی کے دوران زمین پر اب تک کی سب سے بھاری سمندری مخلوق کی باقیات دریافت کی ہیں۔
سحرنیوز/سائنس اور ٹکنالوجی: عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیرو میں سائنسدانوں نے کھدائی کے دوران زمین پر اب تک کی سب سے بھاری سمندری مخلوق کی باقیات دریافت کی ہیں۔
یہ دنیا کی سب سے قدیم نسل کی وہیل ہے جسے سائنسی اصطلاح میں پیروسیٹس کالوسس (Perucetus colossus) کہا جاتا ہے، محققین کے مطابق اس وہیل کا وزن 200 ٹن کے قریب ہے جس کی وجہ سے اسے دنیا کی سب سے بڑی وہیل کہا جا رہا ہے۔
سائنسدانوں نے اس وہیل کے سائز کا موازنہ بلیو وہیل کے ساتھ کیا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم وہیل کی باقیات بلیو وہیل سے بھی زیادہ بھاری ہوسکتی ہیں۔
قدیم وہیل کی باقیات جنوبی پیرو کے صحرا سے دریافت کی گئیں، سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ وہیل تقریباً 3 کروڑ 90 لاکھ سال پہلے زندہ تھی۔
محققین نے بتایا قدیم وہیل کی باقیات 13 سال قبل دریافت ہوئی تھیں اور بہت محنت کے بعد اب اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
اس دیوہیکل وہیل کی 18 ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں، جن میں 13 ریڑھ کی ہڈیاں، چار پسلیاں اور کولہے کی ہڈی کا حصہ شامل ہے۔