Sep ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • وزن بڑھانا یا گھٹانا چاہتے ہیں تو انجیر کھائیے!

انجیر اپنے اندر انسانی صحت کے لیے بہت مفید اثرات رکھتی ہے۔ جنت کا میوہ کہلائے جانے والی انجیر کو چاہے خشک کر کے کھایا جائے یا تازہ پھل کی صورت میں، اس کے اندر موجود بے شمار وٹامنز، منرلز اور فائبر صحت مند و توانا رکھنے میں ہر صورت میں مددگار رہتے ہیں۔

سحرنیوز/سائنس اور ٹکنالوجی: انجیر کا پھل دراصل شہتوت کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کا انوکھا میٹھا ذائقہ دیگر پھلوں سے قدرے مختلف ہوتا ہے۔ تازہ انجیر نازک ہوتی ہے اور زیادہ عرصے تک رکھی نہیں جا سکتی۔ اس لیے انھیں محفوظ رکھنے کے لیے اکثر خشک کیا جاتا ہے۔ انجیر کی متعدد قسمیں ہیں جن میں سے سبھی رنگ اور ساخت میں ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں۔
ان کی منفرد خصوصیت ایک چھوٹی کلی کی طرح اس کا کھلنا ہے ۔ اس کے اوپری حصے میں اوسٹیول (ostiole) کہتے ہیں جو پھل کی نشوونما میں مدد کرتا ہے۔ انجیر کی قدرتی مٹھاس کو ریفائن چینی سے پہلے میٹھے کے طور پر استعمال کیا جانا عام تھا۔

اگر آپ اپنے پیٹ کا نظام بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو اپنی غذا میں انجیر کا استعمال کرنا شروع کر دیں۔ اس کی خصوصیات میں سے ایک ہاضمے کو بہتر کرنا ہے کیونکہ اس میں قدرتی فائبر کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات کی حامل ہوتی ہے، اس سے بلند فشار خون یا بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے اس میں منرلز کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے جبکہ یہ وزن کو کنٹرول کرنے اور نظام ہضم کو بہتر رکھنے میں بھی مددگار رہتا ہے۔

وزن اور ڈائٹ کی ’مینیجمنٹ‘ میں معاون

انجیر میں قدرتی طور پر غذائی ریشے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور انجیر آپ کی خوراک کی کثافت کو بہتر بنا کر مفید غذا میں بدل سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں وزن کے معاملات بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ زیادہ فائبر والی غذائیں پیٹ بھرنے کا احساس دلاتی ہیں اور بھوک اور خواہش کو کم کرسکتی ہیں جبکہ اہم غذائی اجزا خون کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔

ہڈیوں کی مضبوطی

انجیر میں کیلشیئم، میگنیشیئم اور فاسفورس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو ہماری ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم منرلز ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بعض دیگر پھلوں کے مقابلے میں انجیر میں 3.2 فیصد کیلشیئم پایا جاتا ہے۔ پوٹاشیئم کی اچھی مقدار ہونے کے باعث یہ ہڈیوں سے کیلشیئم کے اخراج کا وہ عمل کو بھی روکنے میں معاون ہوتی ہے جو زیادہ نمک والی غذاوں کے باعث صحت کے لیے نقصان کا سبب بنتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انجیر کو اوسٹیوپروسس کے خطرے کو کم کرنے میں بھی اثر رکھنے والے پھل کے طور پر جانا جاتا ہے۔

بلڈ پریشر کنٹرول میں رکھنا

ہم میں سے اکثر لوگ سوڈیم سے بھرپور غذائیں کھاتے ہیں اس کے باعث خون میں پوٹاشیئم کی کمی اور بلند فشار خون کے خطرے کا اندیشہ رہتا ہے۔ انجیر سمیت دیگر پھل اور سبزیوں کو غذا کا حصہ بنایا جائے تو اس سے قدرتی طور پر پوٹاشیئم کی کمی دور ہوتی ہے اور اس سے بلڈ پریشر بھی قابو میں رہتا ہے۔ دوسری جانب انجیر میں پایا جانے والا ایلولوز اپنے ذائقے میں تقریباً 70 فیصد تک چینی کی طرح میٹھا ہوتا ہے لیکن یہ بہت کم کیلوریز کا حامل ہوتا ہے اور اس کے بلڈ شوگر کی سطح پر اثرات لگ بھگ نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ ایلولوز قدرتی طور پر بہت کم دستیاب ہے اور یہ قدرتی طور پر انجیر اور کشمش میں پایا جاتا ہے۔

ٹیگس