Jul ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • جشن غدیر کی زور و شور سے تیاریاں، آج شب منایا جائے گا جشن ولایت

عید غدیر کی آمد آمد ہے اور اس مناسبت سے ایران، عراق، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں لوگ خاص جوش و ولولے کے ساتھ جشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایران و عراق کے تمام مقامات مقدسہ بالخصوص عراق کے شہر نجف اشرف میں واقع حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کا روضہ عید غدیر کے پیش نظر آراستہ کر دیا گیا ہے اور غدیر کے عظیم جشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شمع علی (ع) کے پروانے دور دراز سے نجف اشرف کی جانب نکل پڑے ہیں تاکہ آج کی شب اپنے مولا و آقا علی (ع) کی بارگاہ میں حاضر ہو کر انکی ولایت و امامت کا جشن منا سکیں۔

ہندوستان اور پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی کورونا محدودیتوں کے باوجود بڑے پیمانے پر جشن اور محافل کی تیاریاں کی جا رہی ہے اور لوگ جشن غدیر کے لئے لحظہ شماری کر رہے ہیں۔ کہیں پر محافل کا آن لائن اہتمام کیا گیا ہے تو کہیں سماجی فاصلے کے ساتھ محافل کی انتقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

ہندوستان کے شہر ممبئی میں ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر محسن آشوری نے بتایا ہے ملک میں کورونا کے پیش نظر جشن عید کی خصوصی تقریبات آن لائن منعقد ہوں گی۔

پاکستان کے مختلف شہروں منجملہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پیشاور، ملتان، راولپنڈی اور کوئٹہ میں واقع ایران کے خانہ فرہنگ میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ایران، عراق، پاکستان اور ہندوستان سبھی جگہ کل بروز جمعرات اٹھارہ ذی الحجہ ہے اور آج شبِ غدیر میں عاشقان علی (ع) جشن و سرور کی محفلوں اور خاص تقاریب میں پر جوش حصہ لینے کے لئے تیار ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اٹھارہ ذی الحجہ کو عالم اسلام کی عظیم عید یعنی عید اتحاد امت، عید غدیر ہے جس کو دینی متون میں عید اکبر کے طور پر پہچنوایا گیا ہے۔ روایات کی بنیاد پر سنہ ۱۰ ہجری میں عید غدیر کے روز خدائے عز و جل کے آخری نبی حضرت مرسل اعظم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے آخری حج سے واپسی کے موقع پر اپنے بعد امت کی ہدایت و رہنمائی کا پختہ بندوبست فرماتے ہوئے اپنے چچا زاد بھائی علی بن ابی طالب کو امت کا سرپرست اور مولیٰ قرار دیا۔ آپ نے علیؑ کا ہاتھ بلند کر کے فرمایا: من کنت مولا وفھٰذا علی مولاہ۔

 

ٹیگس