May ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran

تہران کے آزادی اسٹیڈیم کو ’’سلام فرماندہ‘‘ پروگرام کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔

آج جمعرات کی شام ۵ بجے ’’سلام فرماندہ‘‘ کیمپین کے تحت تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں بچوں اور انکے والدین کا عظیم اجتماع ہونے جا رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ تہرانی کنبوں کے اس اجتماع کا زبردست خیرمقدم کیا ہے جس کے باعث ایک لاکھ افراد کی گنجائش کے حامل اس اسٹیڈیم کی تمام سیٹیں ریزرو کی جا چکی ہیں جبکہ ہزاروں افراد اپنا ریزرویشن کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ اعلان ہوا ہے کہ اسٹیڈیم میں وہی افراد داخل ہو سکیں گے جنہوں نے بروقت جگہ ریزرو کرا کے خاص کوڈ حاصل کر لیا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ فارسی میں تیار ہونے والا موروف ترانہ ’’سلام فرماندہ‘‘ ایران میں قومی سطح پر خاصی مقبولیت حاصل کرلینے کے بعد اب سرحدوں پار بھی سنائی دے رہا ہے اور اب تک متعدد زبانوں میں یہ ترانہ تیار کیا جا چکا ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں اس ترانے کو اسکولوں کی مارننگ اسمبلی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ترانہ اب تک فارسی کے علاوہ ترکی، آذری، اردو اور عربی زبانوں میں تیار کیا جا چکا ہے۔

اپنی اسی مقبولیت کے باعث اب ’’سلام فرماندہ‘‘  ایک عظیم تحریک اور کیمپین کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے تحت ایران اور بیرون ایران بچے اپنے والدین کے ساتھ مل کر اس سے جڑنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ایک خاص اور عاشقانہ انداز میں اپنے زمانے کے امام، فرزند رسول امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) سے اظہار عقیدت کرنے کے کے ساتھ ساتھ انکے ساتھ اعلان وفاداری بھی کر سکیں۔

اسی تناظر میں اب تک ایران کے مختلف شہروں اور قریوں میں سیکڑوں عوامی اجتماعات ہو چکے ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں ایرانی عوام شرکت کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی ایک کڑی آج تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

ٹیگس