Jun ۱۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • اردو کے نامور نقاد ڈاکٹر گوپی چند نارنگ انتقال کر گئے

اردو کے نامور نقاد ڈاکٹر گوپی چند نارنگ امریکا میں 91 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔

اردو کے معروف نقاد، ادیب، ماہر لسانیات اور ساہتیہ اکیڈمی کے سابق چیرمین پروفیسر گوپی چند نارنگ کا آج امریکہ میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریبا 91 برس تھی۔

گوپی چند نارنگ 11 فروری 1931 کو بلوچستان کے علاقے دُکی میں پیدا ہوئے۔پروفیسر گوپی چند نارنگ نے بچپن کوئٹہ میں گزارا۔ انہوں نے سنہ 1954ء میں یونیورسٹی آف دہلی سے اردو میں ایم اے اور اسی جامعہ سے سنہ 1958ء میں لسانیات میں پی ایچ ڈی کی اسناد حاصل کیں۔

گوپی چند نارنگ نے سنہ 1957ء میں سینٹ اسٹیفینس کالج، دہلی میں لیکچرر کے طور پر اپنے کام کا آغاز کیا اور 1995ء تک دہلی یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے۔

انہوں نے اردو تنقید میں ساختیات اور اُسلوبیات کی بحثوں کی ابتدا کی اور اردو کے چاروں بڑے شاعروں میر، غالب، انیس اور اقبال پر بےمثل کتابیں لکھیں۔ پروفیسر گوپی چند نارنگ چونسٹھ کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کتابوں میں پینتالیس اردو میں، بارہ انگریزی میں اور سات ہندی میں لکھی گئی ہیں۔

مرحوم کی لسانیات اور فکشن پر بھی گہری نظر تھی۔ گوپی چند کو ہندوستانی حکومت نے 2004 میں پدما بھوشن ایوارڈ اور حکومت پاکستان نے 2012 میں ستارہ امتیاز عطا کیا تھا۔

ٹیگس