Jun ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاک و ہند آمنے سامنے

ورلڈکپ کے 21 ویں میچ میں کل جنوبی افریقا نے افغانستان کو اور 22 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دی۔

ورلڈکپ کے 21 ویں میچ میں کل جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔

اس لئے کہ افغان بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر عمران طاہر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔

جبکہ آئی سی سی ورلڈکپ کرکٹ کے ایک اورمیچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی۔ مچل سٹارک کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگر کی ٹیم 247 رنز پر ہمت ہار گئی ۔

ورلڈکپ میں پاکستان ہندوستان کی ٹیمیں آج مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں برتری کی جنگ لڑیں گی، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکست کے بعد عالمی نمبر ون انگلینڈ کو زیر کیا، سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہوا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے مات دی، پاکستان نے ابھی تک صرف 3پوائنٹس جوڑے اور میچ میں فتح ایونٹ میں بقا کی ضمانت ہوگی۔

دوسری جانب ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے بعد آسٹریلیا کو بھی شکست دی، نیوزی لینڈ کے ساتھ مقابلہ بارش کی نذر ہوا، بلو شرٹس کے 5 پوائنٹس ہیں۔

میچ کے دوران سہ پہر کو بارش کا خدشہ بھی موجود ہے، موسم کی خرابی پر اوورز میں کمی کی ضرورت پڑسکتی ہے، اولڈ ٹریفورڈ کی خشک پچ بیٹنگ کیلیے سازگار سمجھی جاتی ہے لیکن آسمان پر بادلوں کی موجودگی میں بولرز کو مدد مل سکتی ہے، اننگز کے آخر میں ریورس سوئنگ ہونے کا امکان ہے، درمیانی اوورز میں اسپنرز کا کردار بھی اہم ہوگا، اولڈٹریفورڈ میں منعقدہ گزشتہ 5میچز میں سے 4ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں نے جیتے، ٹاس جیتنے والی ٹیم یہاں پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی۔

دوسری جانب روایتی حریفوں کے میچ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے،انگلینڈ میں مقیم تارکین وطن اور دیگر ملکوں سے آنے والے دونوں ٹیموں کے پرستاروں کی تیاریاں مکمل ہیں، گرین اور بلو شرٹس کی فروخت جاری ہے، ڈھول باجے کا بھی اہتمام کرلیا گیا، ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت ہورہی ہے۔

 

ٹیگس