Jun ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۶:۴۷ Asia/Tehran
  • کرکٹ ورلڈکپ میں آج ہندوستان اور افغانستان اور ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ میں مقابلہ

کرکٹ ورلڈکپ کے 27ویں میچ میں کل سری لنکا نے انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

کرکٹ ورلڈکپ کے 28ویں میچ میں آج ہندوستان اور افغانستان اور ویسٹ انڈیزاور نیوزی لینڈ میں مقابلہ ہو گا جبکہ اس سے قبل کل لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دی تھی۔

 سری لنکا کے 233 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رواں ورلڈکپ میں 397 رنز کا ریکارڈ ہدف بنانے والی انگلش بیٹنگ لائن سری لنکا کے خلاف ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سری لنکن بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے آغاز سے ہی حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کے نتیجے میں کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم نہ ہوسکی جب کہ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی برقرار رہا۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 82 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جوئے روٹ نے 57 اور کپتان مورگن 21 رنز ہی بنا سکے ۔

سری لنکا کے تجربہ کار فاسٹ بولر ملنگا نے 4 وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ ڈی سلوا نے 3، ادانا نے 2 اور پرادیپ نے ایک وکٹ حاصل کی، ملنگا کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فرنینڈو 49 اور کوشل منڈس 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

190 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوز اور ڈی سلوا نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان  57 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد ڈی سلوا 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انجیلو میتھیوز آخری وقت تک وکٹ پر کھڑے رہے اور ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 232 رنز بناسکی۔

دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اب تک 5،5 میچز کھیلے ہیں جس میں سے انگلینڈ کو صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ سری لنکا کی ٹیم اب تک صرف ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل کرسکی ہے۔

 

ٹیگس