ترکی نے جان بوجھ کر روسی طیارے کو گرایا تھا: روسی فوج کے سربراہ
روسی فوج کے سربراہ نے کہا ہے ترکی نے جان بوجھ کر روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔
جنرل وکٹر بوندروف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام شواہد اس بات کی نشاندھی کر رہے ہیں کہ ترکی نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے والے روسی طیارے کو جان بوجھ کرنشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی سے قبل ترکی کے دو جیٹ طیارے ایک گھنٹہ پہلے سے اس علاقے میں پرواز کر رہے تھے جہاں روسی طیارہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔
جنرل بونداروف نے کہا کہ شام میں فضائی نگرانی کرنے والے مرکز کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے طیارے چالیس سیکنڈ کے لیے شام کی فضائی حدوں میں داخل ہوئے اور دو کلو میٹر اندر تک گھس آئے تھے جبکہ روسی طیارے نے ہرگز ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکی کے جیٹ طیارے شامی حدود میں داخل ہوئے بغیر روسی بمبار کو ہوا سے ہوا میں کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا نشانہ نہیں بنا سکتے تھے۔
روسی فوج کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس واقعے کی جس پیشہ وارانہ طریقے سے فلم بنا کر ترک ذرائع ابلاغ کو ارسال کی ہے وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ حملہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ ہے۔