سعودی عرب کی جانب سے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال ہوا، ایمنسٹی انٹرنیشنل
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت نے یمن پر جارحیت میں ممنوعہ کلسٹر بم استعمال کئے ہیں۔
پریس ٹی وی کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ اس کو ایسے نئے ثبوت و شواہد ملے ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے یمن پر فضائی حملوں میں کلسٹر بم استعمال کئے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے چھے جنوری کو صنعا پر کلسٹر بمباری کی تھی۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے سنیچر کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے چھے جنوری کو دارالحکومت صنعا کے علاقے معین پر کلسٹربم گرائے جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک بچہ شہید اور چھے عام شہری زخمی ہو گئے تھے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ اس سلسلے میں اس نے اطلاعات اور ثبوت و شواہد، اس بمباری کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ سے حاصل کئے ہیں۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا ہے کہ اس نے سعودی حکومت سے یمن پر جارحیت میں ممنوعہ بموں کے استعمال کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹر نیشنل کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکا اور سعودی حکومت نے کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں لیکن ان دونوں ملکوں کے لئے بھی دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح اس معاہدے کی پابندی ضروری ہے۔