لندن میں سعودی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ
یمن کے عوام پر آل سعود حکومت کی جارحیت کے خلاف لندن میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں اور جارحیت کی شدید مذمت کی اور اس کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرے میں شریک ایک خاتون نے العالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک سال سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ یمن میں سعودی عرب کے جرائم کا جائزہ لینے کے لیے ایک خودمختار کمیٹی قائم کی جائے لیکن بعض ممالک اقوام متحدہ میں اپنے اثرورسوخ کی وجہ سے اس تحقیقاتی کمیٹی کے قیام میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ یمن کے بحران کے سلسلے میں اس طرح کا برتاؤ کر رہی ہے کہ گویا سعودی عرب نے یمن میں کسی بھی جرم کا ارتکاب نہیں کیا ہے۔