Nov ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • روس کے صدر کی دہشت گردوں کو آلہ کار بنانے پر سخت تنقید

روس کے صدر نے مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کو آلہ کار بنانے پر سخت تنقید کی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کرنا ایک خطرناک کھیل ہے کہ جس نے کافی مسائل پیدا کئے ہیں- روس کے صدر نے کہا کہ ابھی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے متحدہ محاذ تشکیل نہیں پا سکا ہے اور جو لوگ انتہاپسند گروہوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں انھیں ہمیشہ شکست ہوگی کیونکہ دہشت گرد ، قابل اعتماد نہیں ہیں-

روس کے صدر نے مشرق وسطی میں دہشت گردوں کے حامی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دہشت گرد گروہوں کو اس امید پر مسلسل مسلح کیا جا رہا ہے اور ٹریننگ دی جا رہی ہے کہ انھیں خاص اہداف کے لئے استعمال کیا جائے اور یہ ایک خطرناک کھیل ہے اور ہم ایک بار پھر بازیگروں کو مخاطب کر تے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ انتہا پسندوں کو استعمال کرنا عاقلانہ اقدام نہیں ہے اور اس کے بہت زیادہ خطرات ہیں-

روس کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حالیہ برسوں میں فرانس اور امریکہ سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں سے ثابت ہو گیا کہ دہشت گردوں کو کسی سینٹرل کمان کی ضرورت نہیں بلکہ وہ اکیلے ہی کارروائیاں کرتے ہیں- صدر پوتین نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی سطح پر موجود تمام خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ ایک دوسرے کے تعاون سے عالمی قوانین و ضوابط کی بنیاد پر کیا جائے-

روس کے صدر نے شام کے خلاف مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کو فراہم کی جانے والی مدد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض مغربی ممالک ، دہشت گرد گروہوں کو مضبوط کر رہے ہیں جبکہ ہمیں شام میں دہشت گردوں کے خلاف مغرب کی کسی طرح کی جنگ نظر نہیں آ رہی ہے-

گذشتہ چودہ مہینوں کے دوران شام میں روس کی فضائی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے صدر پوتین ، دہشت گردی خاص طور سے دہشت گرد اور انتہاپسند گروہوں کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر مغربی ممالک پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

ٹیگس