Feb ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۰ Asia/Tehran
  • میڈیا کے ساتھ امریکی صدراورانتظامیہ کا ناروا سلوک

میڈیا کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا ناروا سلوک شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔

گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کی ایک غیر رسمی بریفنگ سے دنیا کے کئی اہم براڈ کاسٹرز اور اخباری نمائندگان کو نکال باہر کردیا گیا۔

’’گیگل‘‘ کہلانے والی غیر رسمی بریفنگ سے پہلے وائٹ ہاؤس کے اہلکاروں نے سی این این، نیویارک ٹائمز، بی بی سی اور دوسرے بڑے میڈیا ہاؤسز کے صحافتی نمائندوں کو باہر نکال دیا جبکہ یہ میڈیا بریفنگ بھی مرکزی پریس روم کے بجائے ایک چھوٹے کمرے میں دی گئی۔

پریس سیکریٹری وائٹ ہاؤس شون اسپائسر نے ان صحافیوں کے نکالے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جس پر ایسوسی ایٹڈ پریس، یو ایس اے ٹوڈے اور ٹائم میگزین کے نمائندوں نے بھی اس بریفنگ کا بائیکاٹ کردیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک تقریر میں میڈیا پر تنقید کی اور کہا کہ ’’جعلی خبریں‘‘ لوگوں کی ’’دشمن‘‘ ہیں جبکہ اس سے قبل انہوں نے سی این این اور نیو یارک ٹائمز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب امریکی صدر کے بیانات اور اقدامات کی وجہ سے ان کے خلاف عوام میں روز بروز نفرت بڑھتی جا رہی ہے اور اسی وجہ سے ان کے خلاف پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

 

ٹیگس