برطانوی دارالامرا میں بھی بریگزٹ کی منظوری
برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا دارالامرا نے بھی بریگزٹ کی منظوری دے دی۔
لندن سے موصولہ خبروں کے مطابق دارالامرا نے حکومت کو اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ وہ لیسبن معاہدے کی پچاسویں شق پر عمل کرے- پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے بریگزٹ سے متعلق بل کی منظوری کے بعد برطانوی وزیراعظم تھریسامئے رواں مہینے کے آخرتک لیسبن معاہدے کی پچاسویں شق کو نافذ کریں گی جس کے بعد برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا- برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں دارالعوام میں پہلے ہی بریگزٹ بل کی منظوری ہو چکی ہے- واضح رہے کہ برطانوی عوام نے گذشتہ تئیس جون کو ایک رفرینڈم میں شرکت کر کے یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا- اس درمیان برطانیہ کے شہریوں کی ایک خاصی تعداد نے برطانیہ میں یورپی ملکوں کے باشندوں کے حقوق کے تحفظ کے حمایت میں اجتماع کیا- برطانوی دارالامرا میں بریگزٹ بل کی منظوری کے موقع پر برطانوی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے لندن میں پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر اجتماع کر کے برطانیہ میں مقیم یورپی ملکوں کے شہریوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا- اجتماع میں شریک لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ ہمیں بریگزٹ نہیں چاہئے اور نہ ہی ہم نسل پرستی کی حمایت کریں گے بلکہ یورپی شہریوں کے حقوق کی حفاظت کی جائے-