Sep ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • میکسیکو میں زلزلہ 140 افراد ہلاک

میکسکو سٹی میں ہولناک زلزلے سے اب تک 140 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جب کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق ایک بجے میکسکو سٹی سے 100 میل دور زلزلہ آیا جس کی ابتدائی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.1 تھی لیکن زلزلے کے جھٹکے متواتر بہت دیر تک محسوس کئے گئے جس سے زیادہ تباہی ہوئی اوراب تک 140 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ۔

 زلزلے کے مرکز سے قریب ہونے کی بنا پر صوبہ موریلوس میں اب تک سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے جہاں 50سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم زلزلے کے اثرات پورے ملک پر محسوس کئے گئے ہیں۔

میکسکو سٹی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو بھی اس واقعے سے نقصان پہنچا جس کے بعد ایئرپورٹ کو بھی بند کردیا گیا اور شہر میں عمارتوں کو خالی کروادیا گیا ہے۔

زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ملبے کے اندر دبے لوگوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہیں جس کے تحت مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ2 ہفتے قبل میکسکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ آیا تھا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8اعشاریہ ایک تھی اور اس میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تاہم یہ زلزلہ 32 سال قبل 1985 میں عین اسی مقام پر آیا تھا جس میں لگ بھگ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے اور آج ہی کے دن رونما ہونے والے زلزلے کی یاد میں کئی تقاریب بھی منعقد کی گئی تھیں۔

 

ٹیگس