May ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے کی حمایت نہ کرو،  ٹرمپ کی جان کیری کو دھمکی

امریکی صدر ٹرمپ نے اس ملک کے سابق وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے ایران جوہری معاہدے کو باقی رکھنے کی کوششوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

نیویارک پوسٹ کی انٹر نیٹ سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملک کے سابق وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے ایران جوہری معاہدے کو باقی رکھنے کیلئے ایک اعلی ایرانی عہدیدار سے ملنے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جان کیری نے جو کچھ کیا وہ بہت برا کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے  اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کو جوہری معاہدے کے بارے میں جان کیری کی ممکنہ غیر قانونی سفارتکاری کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ باراک اوباما کی حکومت کے وزیر خارجہ جان کیری نے 2015 میں ہونے والے معاہدے کو بچانے کیلئے چند ہفتے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی تھی۔

اس رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف کی جان کیری سے  گزشتہ چند ماہ میں یہ دوسری ملاقات تھی۔ امریکہ کے سابق وزیر خارجہ جان کیری نے کل بھی جوہری معاہدے  کے دفاع میں بیان دیا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ جو اس معاہدے کو غیر ضروری اور احمقانہ قرار دیتے ہیں آج مقامی وقت کے مطابق 2 بجے اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔

ٹیگس