Jul ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکہ دھمکی آمیز لہجے میں بات نہ کرے: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا افہام و تفہیم کے بجائے ایک جارح کی طرح دھونس و دھمکی کا رویہ اپنا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور شمالی کوریا کے اعلیٰ سطح کے حکام کے درمیان ملاقات کے بعد  پیونگ یانگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا دورہ اور مذاکرات قابلِ افسوس رہے۔ امریکا شمالی کوریا کے تحفظات کو نظر انداز کرتے ہوئے آمرانہ طرز عمل اپناتے ہوئے جوہری ہتھیار سازی کے پروگرام کو ختم کرنے کے لیے یک طرفہ دباؤ ڈال رہا ہے جو کہ جارحانہ اور غیر منصفانہ عمل ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام کے خاتمے اور جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر تلف کرنے تک شمالی کوریا پرعائد پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دو دن کے دورے پر شمالی کوریا پہنچے تھے جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، اس دورے میں سربراہ کم جونگ اُن سے ملاقات طے نہیں تھی۔ مذاکرات کے بعد امریکی وزیر خارجہ جاپان کے لیے روانہ ہو گئے۔

ٹیگس