ایٹمی معاہدے کے خاتمے کے نتائج کی بابت چین کا انتباہ
چین کے وزیر اعظم نے ایٹمی معاہدے کے خاتمے کے نتائج کی بابت اس بین الاقوامی معاہدے کے تمام فریقوں کو سخت خبردار کیا ہے۔
چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے اپنے دورہ جرمنی کے موقع پر برلن میں جرمن چانسلرانجیلا مرکل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوہری معاہدے سے متعلق تازہ ترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اس بین الاقوامی معاہدے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا.اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جرمنی اور چین، ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے میں امریکی موجودگی کے بغیر اس کی حمایت کرتے ہیں.انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ تعمیری مذاکرات کا نتیجہ ہے جس پر ہم قائم رہیں گے.جرمن چانسلر نے بھی اس موقع پر کہا کہ جرمن حکومت جوہری معاہدے کی حمایت کرتی ہے.واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آٹھ مئی کو ایک بار پھر ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ٹرمپ کی علیحدگی کے ردعمل میں یورپی ممالک نے کہا ہے کہ وہ ایران جوہری معاہدے پر قائم رہیں گے۔