پورٹ لینڈ میں مظاہرین اور امریکی پولیس کے درمیان جھڑپیں
امریکہ کی سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے مظاہرین کے خلاف پولیس کے تشدد آمیزسلوک پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
ریاست اوریگن کی سول سوسائٹیز کے سربراہ ڈیوڈ راجرز نے اپنے ایک بیان میں مظاہرین کے خلاف پورٹ لینڈ پولیس کے تشدد آمیز سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ جیسے آزاد ملک میں پولیس کا رویہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ طاقت کا بے جا استعمال اور مظاہرین کو نشانہ بنانا، شہری حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ڈیوڈ راجرز نے پورٹ لینڈ پولیس اور شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کے خلاف اسلحے اور صوتی بموں کے استعمال کا سلسلہ فوری طور پر بند کردے۔قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے دوران تیسری بار پورٹ لینڈ سٹی میں دائیں بازوں کے انتہا پسندوں اور مخالفین نے مظاہرے کیے ہیں جن کے دوران دونوں گروہوں میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ امریکی پولیس نے نسل پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر حملے کیے اور بے ہوش کر نے والے بموں اور ربر کی گولیوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ پولیس کے تشدد کے نتیجے میں ایک صحافی اور متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔