یورپی یونین کا عالمی فوجداری عدالت کی حمایت کا اعلان
یورپی یونین نے عالمی فوجداری عدالت کے خلاف امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
بریسلز میں یورپی یونین کے جاری کردہ بیان میں عالمی فوجداری عدالت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقومی سطح پر انجام پانے والے مجرمانہ اقدامات سے متاثر ہونے والے سب ہی لوگ انصاف کی فراہمی کے حقدار ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اور انہیں قرار واقعی سزا دنیا بے انتہا ضروری ہے۔
یورپی یونین نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ یہ تنظیم گھناؤنے جرائم کی روک تھام کے لیے انصاف اور قانونی تقاضے پورے کئے جانے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور عالمی فوجداری عدالت کی کاروائی کی حمایت جاری رکھے گی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے دھمکی ہے کہ اگر عالمی فوجداری عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا سلسلسلہ شروع کیا تو وہ مذکورہ عدالت کے ججوں کو گرفتار اور ان کے خلاف پابندیاں عائد کر دے گا۔
عالمی فوجداری عدالت نے اعلان کیا کہ وہ امریکی دھمکیوں کے باوجود قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی۔
عالمی فوجداری عدالت کے بعد ایسی دستاویزات اور ثبوت موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ نے افغانستان پر قبضے کے بعد سے اب تک بے تحاشہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن میں عام شہریوں کا قتل عام، رہائشی علاقوں پر حملے اور قیدیوں سے بدسلوکی کرنا بھی شامل ہے۔
ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت کے دفتر کے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود افغانستان میں امریکہ کے جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رہیں گی۔