مجھے ہٹایا تو بریگزٹ مذاکرات مشکل ہو جائیں گے، برطانوی وزیر اعظم
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی تبدیلی سے بریگزٹ مذاکرات مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
وزیراعظم تھریسا مے نے ایک بار پھر برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ منصوبہ قومی مفادات کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے موجودہ منصوبے کا کوئی متبادل نہیں۔
تھریسا مئے نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آئندہ مذاکرات میں برطانیہ اور یورپی یونین کے مستقبل کے تعلقات پر توجہ مرکوز رہے گی۔
انہوں نے بعض ارکان پارلیمینٹ کی جانب سے اپنے مواخذے کی کوششوں کی جانب کوئی اشارہ کیے بغیر کہا کہ اگر برطانیہ میں وزیراعظم بدلا گیا تو بریگزٹ مذاکرات مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے موجودہ منصوبے کے بارے میں حکومت میں اختلافات شدید ہو گئے ہیں اور وزیراعظم تھریسا مئے کی کابینہ کے متعدد وزیروں نے اپنے عہدوں سے استعفا بھی دے دیا ہے۔