Nov ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • بریگزٹ پلان امریکا اور برطانیہ کی تجارت کے لیے خطرناک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وزیراعظم تھریسامے کا بریگزٹ پلان یورپی یونین کے لیے شاندار لیکن امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے لیے زیادہ مناسب نہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  برطانوی وزیراعظم تھریسامے اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے بریگزٹ پلان کو امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بریگزٹ پلان یورپی یونین کے لیے ایک عظیم معاہدہ ہے جس سے وہ کافی فوائد حاصل کرسکیں گے لیکن اس معاہدے کے مندرجات سے امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے جسے سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں امریکی صدر کے خدشات کو مسترد کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یورپی یونین کے تمام رہنماؤں نے برسلز میں ہونے والی خصوصی تقریب میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے بریگزٹ پلان پر دستخط کیے تھے۔ جس کے بعد اب بریگزٹ ڈیل کو برطانوی پارلیمنٹ سے منظور کرانا ہوگا اور یوں برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاء کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

 

ٹیگس