بریگزٹ ڈیل پربرطانوی وزیراعظم مشکلات سے دوچار
برطانوی وزیراعظم کی یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ ڈیل سے اختلاف کے باعث کابینہ کے ایک اور وزیر نے احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگزٹ ڈیل پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی مشکلات میں تاحال کمی نہیں آسکی، تھریسامے کابینہ کے ایک اور وزیر نے بریگزٹ ڈیل پر اختلافات کے باعث اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔
مستعفی ہونے والے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ تھریسامے کے بریگزٹ پلان کا مطلب برطانیہ کا اپنی آواز اور طاقت سے دست بردار ہونا ہے جو کہ ریفرنڈم کے نتائج سے بھی متصادم ہے۔ عوام نے انخلاء کے لیے ضرور ووٹ دیا لیکن اپنی خودداری اور طاقت سے انحراف کی بنیاد پرنہیں۔
وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سام گیماہ بریگزٹ ڈیل پر وزیراعظم تھریسامے سے اختلافات کے باعث مستعفیٰ ہونے والے چھٹے وزیر ہیں۔
واضح رہے کہ سام گیماہ نے 2016ء میں ہونے والے ریفرنڈم میں برطانیہ کو یورپی یونین میں شامل رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلاء کے لیے وزیراعظم تھریسامے کے بریگزٹ پلان پر یورپی یونین کے تمام رہنماؤں نے اتفاق کرلیا ہے اور اب اس ڈیل کو برطانوی پارلیمنٹ سے منظور کرانا ہوگا۔