چین کا طاقتورترین تباہ کن غیرایٹمی بم کا کامیاب تجربہ
چین نے دنیا کے سب سے طاقت ور ترین اور تباہ کن غیرایٹمی بم کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے اسے ’ تمام بموں کی ماں‘ کا نام دیا ہے۔
چینی زنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس بم کی تباہ کاریوں کی زیادہ تفصیل نہیں دی گئی تاہم اتنا کہا گیا ہے کہ اسے چینی ساختہ ایچ 6 کے بمبار طیارے پر رکھ کر ایک غیرآباد علاقے پر آزمایا گیا ہے جس کا ٹیسٹ کامیاب رہا۔ اس ضمن میں ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، بم کو چین کی مشہور اسلحہ ساز کمپنی نورنکو نے تیار کیا ہے۔
آزمائشی عمل میں بم گرنے کے بعد زمین سے آگ کا ایک بڑا گولہ اور سیاہ غبار دیکھا جاسکتا ہے۔ زنہوا نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں اسے چینی ’ مدر آف آل بم‘ کہا ہے۔ اپنی قوت اور تباہ کاری میں یہ صرف ایٹم بم سے پیچھے ہے اور اسی بنا پر اسے طاقتور ترین بم کہا گیا ہے۔
چینی بم کی لمبائی 6 میٹر اور چوڑائی 5 میٹر ہے ۔ چینی دفاعی تجزیہ نگار وائی ڈونگشو کے مطابق یہ بم زمین پر واقع خدوخال اور تعمیرات کو بہت آسانی سے مٹا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے افغانستان میں پہلے ڈیزی کٹر اور اس کے بعد ایک اور طاقتور ترین بم گرانے کا اعلان کیا تھا اور اسے ’مدر آف آل بم‘ یا ’ایم او اے بی‘ کا نام دیا تھا۔