فرانس سے درآمد ہونے والے آلوؤں سے دستی بم برآمد
Feb ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
چینی حکام کے مطابق فرانس سے درآمد ہونے والے آلوؤں کی کھیپ سے پہلی عالمی جنگ میں استعمال ہونے والا دستی بم برآمد ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ کی پولیس کا کہنا ہے کہ فرانس سے درآمد کی جانے والی آلوؤں کی کھیپ سے پہلی جنگِ عظیم میں استعمال ہونے والا دستی بم برآمد ہوا ہے جو کہ جرمن ساختہ ہے۔
ہانگ کانگ پولیس کے مطابق آلو کے چپس اور کھانے پینے کی دیگر اشیا بنانے والی کیلبی نامی مقامی کمپنی نے پولیس کو اطلاع دی کہ آلوؤں میں دستی بم برآمد ہوا ہے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دستی بم اپنی تحویل میں لیا اور محفوظ مقام پر جاکر اسے دھماکے سے اڑا دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیق سے پتا چلا کہ ایک کلو گرام وزن کا حامل یہ بم جرمن ساختہ اور پہلی جنگ عظیم میں استعمال ہوا، بم عالمی جنگ کے دوران ایک خندق میں رہ گیا تھا۔