جمال خاشقجی کے ساتھیوں کو سی آئی اے کا انتباہ
سی آئی اے نے مخالف سعودی صحافی جمال خاشقجی کے دوستوں اور ہم خیال افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ بھی سعودی حکومت کے نشانے پر ہیں۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق جمال خاشقجی کے تین دوستوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں سی آئی اے کی جانب سے انتباہ موصول ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمال خاشقجی کے جن دوستوں کو سی آئی اے کی جانب سے انتباہ موصول ہوا ہے ان میں سے ایک ایاد البغدادی سوئیڈن میں، دوسرے عمرعبدالعزیز کینیڈا میں اور تیسرے ساتھی امریکہ میں ہیں تاہم ان کا نام کسی وجہ سے ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
سی آئی اے نے مذکورہ افراد کو خبر دار کیا ہے کہ جمال خاشقجی کی امنگوں کو آگے بڑھانے کی صورت میں انہیں بھی سعودی حکام کے عتاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کو اکتوبر دوہزار اٹھارہ میں ترکی کے شہر استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا۔
سی آئی اے سمیت بہت سے خفیہ اداروں کا خیال ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کا حکم سعودی ولی عہد بن سلمان نے دیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود حکومت امریکہ سعودی ولی عہد کی حمایت ترک کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔