برطانوی طیارہ گر کر تباہ 3 برطانوی ایک افریقی ہلاک
متحدہ عرب امارات کے دبئی ایئرپورٹ کے قریب چار نشستوں والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک افریقی اور 3 برطانوی شہری ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی ایئرپورٹ سے محض 5 کلومیٹر فاصلے پر ایک چھوٹا برطانوی طیارہ دوران پرواز خرابی پیدا ہونے کے باعث ہچکولے کھاتا ہوا گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ اور 3 مسافر ہلاک ہوگئے۔
طیارہ برطانیہ میں رجسٹرڈ تھا اور طیاروں کی پروازوں کے لیے فلک پیمائی نظام کو جانچنے پر مامور تھا کہ اپنے مشن کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا طیارے میں 3 برطانوی اور ایک جنوبی افریقی شہری سوار تھے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد دبئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور اس دوران تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔ سول ایوی ایشن کے عملے نے جائے حادثہ پر امدادی کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔