نو ٹرمپ نو اور گو ٹرمپ گو کے نعروں سے امریکی صدر کا جنوبی کوریا میں استقبال
جنوبی کوریا کے عوام نے امریکی صدر ٹرمپ کا اس ملک کی سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ مخالف نعروں سے استقبال کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان میں جی 20 رکن ممالک کے اجلاس کے بعد جنوبی کوریا پہنچے جہاں کوریا کے عوام نے سئول میں نو ٹرمپ نو اور گو ٹرمپ گو کے فلک شگاف نعروں سے امریکی صدر کا استقبل کرتے ہوئے دیگر ممالک کے خلاف امریکہ کی اقتصادی پابندیوں اور اقتصادی دباو کے خاتمے پر تاکید کی۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جنوبی کوریا کے صدر مون جاء این سے دوطرفہ تعلقات اور شمالی کوریا کے ساتھ ہونے والےمذاکرات کے تناظر میں جنوبی کوریا پہنچے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹر بیان میں شمالی کوریا کے صدر کیم جونگ اون سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ صرف جنوبی کوریا ہی وہ واحد ملک نہیں ہے جہاں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے ہوئے بلکہ اس سے قبل جاپان، برطانیہ، ہندوستان اور خود امریکہ سمیت کئی ممالک میں ٹرمپ کی آمد کے موقع پر زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے۔