خاشقجی قتل کیس کے ذمہ دار افراد پر مقدمہ چلانے پر تاکید
یورپی یونین نے خاشقجی قتل کیس میں سعودی کورٹ سے جاری ہونے والے فیصلے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ تعلقات کونسل نے ایک بیان جاری کر کے اس کیس میں ملوث تمام افراد پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ شفافیت کے اصول کے تحت خاشقجی قتل کیس کے ذمہ دار تمام افراد پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔
سعودی عرب کی عدلیہ نے پیر کو خاشقجی قتل کیس کا فیصلہ صادر کردیا۔ اس فیصلے کے مطابق قتل میں ملوث پانچ افراد کو سزائے موت اور تین افراد کو قید کی سزا دی گئی ہے۔
سعودی صحافی اور نقاد جمال خاشقجی کو دواکتوبرکو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی عرب کے قونصلخانے میں نہایت بے دردی سے قتل کرکے ان کی لاش ٹکڑے ٹکڑے کردی گئی تھی۔
سعودی حکومت اٹھارہ روز تک خاموش یا قتل سے انکار کرتی رہی یہاں تک ترکی کی انٹیلی جینس اور سی آئی اے نے اس بات کی تائید کردی کہ جمال خاشقجی کو سعودی ولی عہد بن سلمان کے حکم پر قتل کیا گیا ہے۔