جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملہ عالمی قوانین کے خلاف تھا: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے امریکی دہشتگردوں کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام بین الاقوامی ضابطوں کے خلاف تھا۔
اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹراگنیس کیلامارڈ نے منگل کے روز کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل سے ایک نئی بدعت کی شروعات ہوئی ہے جو مستقبل میں ایک بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
اس سے قبل روسی وزیر خارجہ سرگئی لاورف نے بھی امریکہ کے دہشتگردانہ اقدام پر رد عمل دکھاتے ہوئے اسے بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
سپاہ قدس کے ہر دل عزیزکمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈرابو مہدی المہندس، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تین جنوری کو بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی دہشتگردوں کے ایک فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
اس دہشتگردانہ حملے کے بعد امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے اعلان کیا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے لئے خود صدر ٹرمپ نے براہ راست آپریشن کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی خطے میں سرگرم تکفیری دہشتگردوں منجملہ داعش سے مقابلے کے میدان میں ایک نمایاں ترین کمانڈر تھے جنہوں نے خطے میں امریکی سازشوں کی ناکامی اور عراق و شام میں داعش کو شکست سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔