کورونا کا امریکی فوجیوں پر حملہ
امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس کا ایک فوجی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے آج اعلان کیا کہ جنوبی کوریا میں تعینات ایک 23 سالہ امریکی فوجی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
یہ پہلا امریکی فوجی ہے جو کورونا وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے اور اسے فوجی چھاونی سے باہر رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی کانگریس کے نمائندوں نے ٹرمپ حکومت پر کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔
در ایں اثنا جنوبی کوریا کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ملک میں کورونا وائرس میں مزید 169 افراد مبتلا ہوئے جس سے اس ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 1146 ہو گئی اور اب تک 11 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئےہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس اس وقت امریکہ ، برطانیہ، آسٹریلیا، تھائی لینڈ ، جنوبی کوریا ، جاپان، کینڈا ، فرانس ، ایران ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین ، اٹلی سمیت چین کے تیس شہروں اور دنیا کے تیس سے زائد ممالک میں سرایت کر چکا ہے ۔