ٹرمپ، ایران کے مقابلے میں شکست کا اعتراف کریں: امریکی سینیٹر
امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سینیئر رکن نے ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے اپنی پالیسیوں کی ناکامی کا اعتراف کریں۔
امریکی سینیٹ میں خارجہ تعلقات کمیٹی کے سینئر رکن سینیٹر باب منذر نے کہا کہ ٹرمپ حکومت نے گیارہ مارچ کو التاجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری عراق میں ایران کے حمایت یافتہ گروہوں پر عائد کی ہے لہذا اسے اعتراف کرنا چاہئے کہ ایران کے اقدامات کو روکنے کے لئے اس کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں اور اس ناکامی کی قیمت امریکی فوجیوں کو چکانا پڑ رہی ہے۔
اس سے قبل امریکی سینیٹر کریس مورفی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ایران کے سلسلے میں واشنگٹن کی پالیسیاں ناکام ہو گئی ہیں۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر فضائی حملہ ، ایران کو روکنے کے لئے تھا تاہم ایسا نہیں ہوا اور ایران کے خلاف ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکہ اور زیادہ کمزور ہوا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے بدھ کی رات رپورٹ دی تھی کہ عراق میں دہشتگرد امریکی فوجیوں کے اڈے التاجی پر دس راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔ امریکی حکام نے اس حملے میں اپنے دو اور ایک برطانوی فوجی کی ہلاکت اور بارہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔