Mar ۱۵, ۲۰۲۰ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • کورونا سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے یورپ

کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں صورتحال بے قابو ہوتی جا رہی ہے۔

کورونا وائرس سے دُنیا کے 151 ممالک میں اب تک 5835 اموات ہوچکی ہیں جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں جبکہ کورونا بیماری میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار ہوگئی ہے۔

برطانیہ میں ایک ہی دن میں 10 افراد ہلاک ہوئے جبکہ فرانس میں 91 اموات رکارڈ کی گئیں۔ فرانس کے تفریحی مقامات اور ریستوران بند کر دیے گئے ہیں اور شہریوں کو اندرون ملک بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اسپین میں ایک ہی روز میں 63 اموات ہوگئی ہیں جبکہ 12 سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے اسپین میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سوئٹزر لینڈ میں کورونا نے مزید 2 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ 236 افراد بیمار ہیں۔

ڈنمارک میں کورونا سے پہلی موت سامنے آئی ہے جبکہ بیلجیم، ناروے، سوئیڈن، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، یونان، سلوینیا اور پولینڈ میں بھی کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے چین اب بھی پہلے نمبر پر ہے۔

چین میں کورونا نے مزید 10 افراد کی جان لی ہے جس کے بعد اب چین میں اموات کی تعداد 3199 ہوگئی ہے۔

چین کے بعد اس وقت اٹلی سب سے زیادہ متاثرہ ملک کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 175 افراد جان کی بازی ہار گئے اور وہاں اموات کی تعداد 1441 ہوگئی ہے جب کہ 21 ہزار سے زائد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں اکثریتی علاقوں میں عملاً مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث لاکھوں شہری گھروں میں قید ہوگئے ہیں۔عبادت گاہیں، تعلیمی ادارے، تجارتی مراکز اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہیں۔

آباد علاقے سنسان اور ویران ہوگئے ہیں اور ہر طرف خوف کا راج ہے۔

ٹیگس