Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپ میں کورونا کے مریضوں میں وحشتناک اضافہ

امریکا اور یورپ میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد اور اموات میں وحشتناک رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکی وزارت صحت نے اتوار کی رات اعلان کیا کہ چوبیس گھنٹے میں تیرہ ہزار نو سو اکتیس افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے اور چورانوے نئی اموات واقع ہوئیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اتوار کی شام تک امریکا میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین سو چھیانوے اور مبتلا افراد کی تعداد اڑتیس ہزار ایک سو اڑتیس ہوچکی تھی۔
اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کی رات، نیویارک، واشنگٹن، اور کیلی فورنیا میں کورونا وائرس کے خلاف مہم میں نیشنل گارڈ کی شمولیت کا اعلان کیا۔ انھوں نے نیویارک میں ایمرجنسی کے اعلان کی خبر دیتے ہوئے دعوی کیا کہ ریاست نیویارک میں چوبیس گھنٹے کے اندر اندر، طبی امداد پہنچ جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکا کی سبھی پچاس ریاستیں کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ اس درمیان نیویارک، واشنگٹن اور کیلی فورنیا کے حالات زیادہ خراب بتائے گئے ہیں۔
یورپ میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے وحشتناک شکل اختیار کرلی ہے۔ 
اٹلی کی حکومت نے اتوار کی رات ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد انسٹھ ہزار ایک سو اڑتیس اور مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار چار سو چھہتر بتائی تھی۔
ادھر یونان میں کورونا وائرس کے چورانے نئے کیس سامنے آنے کے بعد یونانی وزیر اعظم نے پیر سے پورے ملک میں قرنطینہ کے پروگرام پر عمل درآمد کا اعلان کردیا ہے۔
فرانس کی وزارت صحت نے بھی اتوار کی شام کورونا وائرس سے ایک سو بارہ نئی اموات کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ اتوار کی دو پہر تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد سات سو چونسٹھ ہوچکی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق فرانس میں اتوار کی دو پہر تک کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ کے سولہ ہزار اکیا سی ہوچکی تھی۔
برطانوی حکومت نے بھی اتوار کی شام کورونا وائرس سے مزید سینتالیس افراد کے مرنے کی خبر دی اور اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد اتوار تک دو سو اکیاسی ہوگئی تھی۔
اسپین میں بھی کورونا وائرس نے وحشت پھیلا رکھی ہے ۔ اتوار کو ہسپانوی وزارت صحت نے کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں تیس فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔ ادھر جرمن چانسل انجلا مرکل نے اپنے معالج ڈاکٹر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد خود کو آئسولیشن میں ڈال دینے کا اعلان کیا۔ سرکاری اعلان کے مطابق جرمنی میں اتوار کی شام تک کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد چوبیس ہزار آٹھ سو چھے اور مرنے والوں کی تعداد ترانوے ہوچکی تھی۔ 
 

ٹیگس