Apr ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے مودی کو دھمکی دی

امریکی صدر ٹرمپ نے ہندوستانی وزیر اعظم مودی کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے بعض دواؤں کی برآمدات پر عائد پابندیوں کو نہیں اٹھایا تو امریکا بھی ہندوستان کے ساتھ ویسا ہی رویّہ اپنائے گا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں ہندوستانی وزیراعظم کو دھمکی دی ہے کہ اگر ہندوستان کی حکومت دواؤں خاص طور پر اینٹی ملیریا دواؤں کی برآمدات پر پابندی کو نہیں ہٹاتا تو امریکا بھی اس کا جواب دے سکتا ہے-

امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس ٹاسک فورس بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آ رہی ہے کہ ہندوستان امریکا کے لئے دواؤں کی برآمدات پر پابندی کو جاری رکھے گا- انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں یہ واضح کیا ہے کہ اگر آپ ہمیں دواؤں کی فراہمی کرتے ہیں تو ٹھیک ہے بصورت دیگر آپ ہم سے بھی اسی طرح کے اقدامات کی امید رکھیں۔

ٹرمپ کے اس بیان کے بعد ہندوستان کی مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ملکوں کے لئے دواؤں کو برآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے-

دوسرے ملکوں کو ادویات کی برآمدات کے بارے میں ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان ان ملکوں کو دوائیں برآمد کرے گا جو بری طرح متاثر ہیں-

ہندوستان میں بعض اخبارات اور ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ امریکی صدر ٹرمپ کے دباؤ کا نتیجہ ہے- کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے ٹرمپ کے اس دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر ٹرمپ میں نے کسی بھی سربراہ مملکت یا حکومت کو کسی دوسرے ملک کی حکومت کو اس طرح کھلے عام دھمکی دیتے ہوئے نہیں سنا ہے- انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جو دوائیں تیار ہوتی ہیں وہ ہمارے عوام کے لئے ہوتی ہیں-

ٹیگس